342

ارباب عالمگیر کی ہم خیال گروپ بنانے کی تیاری

پشاور۔پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیرنے صوبائی کابینہ کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے صوبائی سطح پر تحریک شروع کرنے کیلئے ہم خیال رہنماؤں پر مشتمل گروپ تشکیل دینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ٗ پشاور کابینہ کے 21 عہدیداروں نے اپنے استعفے ارباب عالمگیر کے حوالے کر دیئے ہیں جبکہ پشاور سے قومی اورصوبائی اسمبلی کے تمام سابق امیدوار آج ارباب عالمگیر کی رہائش گاہ پر اکٹھے ہو رہے ہیں ان امیدواروں میں سابق صوبائی وزیر ضیاء اللہ آفریدی بھی شامل ہیں۔

 جہاں پرصوبائی کابینہ کے خلاف تحریک شروع کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگاسابق وفاقی وزیر ارباب عالمگیر نے ”آج“ کے رابطے پر بتایا کہ صوبائی کابینہ نے صوبے میں پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور مزید پہنچایا جا رہا ہے ذاتی مفاد اور یکطرفہ فیصلوں نے پارٹی کو صوبے کی سب سے چھوٹی جماعت بنا دیا ہے ایسے میں دیرینہ اور نظریاتی رہنما پارٹی کو تباہ ہوتے نہیں دیکھ سکتے لہٰذا فوری طورپر صوبائی کابینہ کے خلاف تحریک شروع کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کا پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ٗ شریک چیئرمین آصف علی زرداری سمیت تما م مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد ہے تاہم صوبائی قیادت پارٹی کو تباہ کر رہی ہے ارباب عالمگیر کے پاس جمع کرائے گئے استعفوں میں پشاور کے فخر عالم خلیل ٗ ملک شفقت خان ٗ صحت اللہ خان ٗ حاجی ناصر خان ٗ فرید اللہ خان ٗ حاجی شریف جان ٗ سہیل ہاشم ٗ ملک جہانگیر ٗ اکرم خان چمکنی ٗ ظہور خان ٗ والجد حسین ٗ اشفا ق خلیل ٗ جاوید خان ٗ اسحاق خان ٗ حاجی جہانزیب ٗ کشید گل ٗ فضل مقیم ٗ اعجاز خان ٗ ماسم خان خلیل ٗ عاشق حسین ٗ حاجی شمشاد ٗ تسبیح اللہ اور اکرام خان شامل ہیں۔