218

ٹورازم پولیس کی تربیت کیلئے تھائی لینڈ سے رابطہ

پشاور۔وزیراعظم عمران خان سے خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت، کھیل، ثقافت، آثار قدیمہ، امور نوجوانان خیبر پختونخوا محمد عاطف خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت سیاحت کے امور زیر غور آئے وزیر سیاحت خیبرپختونخوا عاطف خان نے وزیراعظم عمران خان کو صوبے میں سیاحت سے متعلق کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صرف عید کے تین دنوں میں 20 لاکھ سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے پرفضاء مقامات کا رخ کیا ہے۔

بڑی تعداد میں سیاح صوبے کا رخ کررہے ہیں سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ عید کے دنوں میں تجرباتی بنیادوں پر ٹورازم پولیس تعینات کی گئی تھی جسکے زبردست نتائج سامنے آئے ٹورازم پولیس کی تربیت کے لئے تھائی لینڈ سے رابطہ کیا ہے بہت جلد وہاں سے ٹورازم پولیس کی تربیت کرکے سیاحتی مقامات پر تعینات کی جائینگی۔

سینئر وزیر عاطف خان نے وزیراعظم کو قبائلی اضلاع سمیت صوبے بھر میں نئے سیاحتی مقامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 11 مربوط سیاحتی زونز کی نشاندہی کی جاچکی ہے اور اسکے لئے صوبائی بجٹ میں فنڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔اسکے علاوہ قبائلی اضلاع میں بھی کافی سیاحتی مقامات موجود ہیں۔