511

تخریب کاری کا خطرہ ٗ عید میں میلوں پر پابندی عائد

پشاور۔عیدالفطر پر تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر ٹاؤن 2کی حدود میں عید کے ایام میں ہر قسم کے میلوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے رہائی کی سفارش کرنے والوں کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈھیری نے ٹاؤن ٹو کی حدود میں واقع تمام پولیس اسٹیشنوں کے ایس ایچ اوز کو مراسلے ارسال کر دیئے ہیں۔

جبکہ دفعہ 144کے نفاذ کیلئے ڈپٹی کمشنر پشاور کو بھی خط لکھ دیا ہے فرید اللہ خان کافور ڈھیری کے مطابق عید میلوں میں تخریب کاری کا خدشہ ہے جبکہ ان میلوں میں اکثر جرائم پیشہ افراد اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف ہرگز نرمی نہ برتی جائے اس مقصد کیلئے انہوں نے تمام ایس ایچ اوزکو فری ہینڈ دیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرکے پابند سلاسل کریں اور جو لوگ ان کی رہائی کی سفارش کریں انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے۔