فیس بک بانی کی رواں برس سب سے زیادہ کمائی؛ بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا

 واشنگٹن: فیس بک کے بانی اور مالک مارک زکربرگ اس سال سب سے زیادہ کمانے والے شخص بن گئے۔ 

بلوم برگ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی ’’میٹا‘‘ کے سی ای او مارک زکربرگ 2024 کے ابتدائی ماہ میں ہی دنیا کے سب سے زیادہ دولت کمانے والے بزنس مین بن گئے۔

مارک زکربرگ کی دولت میں رواں سال کے دوران 42.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے جس کے بعد امیر ترین افراد میں انھوں نے بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بلوم برگ کے مطابق مارک زکر برگ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے جن کے اثاثوں کی مالیت 170 ارب ڈالرز ہوگئی ہے۔

2022 میں شدید مالی نقصان کے باعث زکر برگ کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی کے ساتھ محض 35 ارب ڈالرز رہ گئی تھی اور وہ 10 امیر ترین افراد کی فہرست سے باہر ہوگئے تھے۔

تاہم اب دوبارہ اپنی جگہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہوگئے اور مائکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی جگہ چوتھا نمبر حاصل کرلیا جب کہ بل گیٹس پانچویں نمبر پر آگئے۔