خیبرپختونخوا میں بارشیں، تین دن میں مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق، 40 زخمی 100 مکانات کو جزوی اور 30 کو مکمل نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے

خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچادی۔ تین دن میں مختلف حادثات میں 31 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور گھروں کی چھتیں گرنے کی تفصیلات جاری کردیں۔

تین دن سے صوبے کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 31 افراد جاں بحق ہوچکے۔

سوات کے تحصیل مٹہ کے علاقہ چاتیکل میں مکان پر تودہ گرنے سے ایک ہی گھر کے سات افراد جاں جبکہ خیبر میں بھی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

خیبر میں چھت گرنے کے واقعہ پر پولیس نے بتایا کہ افسوسناک واقعہ اتوار کی صبح خیبر کے دور آفتادہ علاقے بازار ذخہ خیل میں پیش آیا، مکان کی چھت گرنے کے باعث کمرے میں سوتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 6 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ گزشتہ 3 روز سے جاری بارشوں کے باعث مکان بوسیدہ ہوگیا تھا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق برفباری اور بارش کے بعد مختلف حادثات و واقعات میں اب تک 40 افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ مختلف واقعات میں اب تک 56 مویشی بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 100 گھروں کو جزوی اور 30 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 10، 10 لاکھ روپے، شدید زخمیوں کے لیے تین تین لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لئے 50 ، 50 ہزار روپے معاوضوں کا اعلان کیا ہے۔

متاثرہ خاندانوں کے ورثاء اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیک دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سوات میں 3 افراد کی لاشیں نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کا دوبارہ آغاز

وزیراعلیٰ خیبر پختوںخوا نے متاثرہ علاقوں میں فوری بحالی کے لئے متعلقہ انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔