سُنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کیلئے عمر ایوب کا نام فائنل کرلیا

سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب خان کو قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمر ایوب وزیراعظم کے عہدے کیلئے بھی سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار تھے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے بھی عمر ایوب کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری منظور کرلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے درمیان مقابلہ ہوا۔ شہباز شریف 201 جبکہ عمر ایوب صرف 92 ووٹ حاصل کرسکے۔

اس طرح شہباز شریف دوسری مرتبہ اسلامیہ جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔