فرانس نے گوگل پر 25 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کر دیا

فرانس نے گوگل پر 25 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

فرانس کے مسابقتی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوگل پر یہ جرمانہ یورپی یونین انٹلیکچوئل پراپرٹی قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا ہے

یورپی ادارے نے گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ بارڈ (جس کا نام اب تبدیل کرکے جیمنائی کر دیا گیا ہے) کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق اے آئی چیٹ بوٹ کو خبر رساں اداروں اور میڈیا اداروں کو آگاہ کیے بغیر ان کے مواد سے تربیت دی جا رہی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے مختلف اقدامات تجویز کیے گئے تھے مگر ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔

گوگل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یہ جرمانہ فرانس کے بڑے میڈیا اداروں کی جانب سے آن لائن مواد کے بارے میں دائر مقدمے پر عائد کیا گیا۔

اس مقدمے میں گوگل پر ابتدائی طور پر 50 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا مگر اس پر عدالت سے باہر تصفیہ کرتے ہوئے گوگل نے مختلف اقدامات کرنے کی یقین دہائی کرائی۔

اب فرانسیسی مسابقتی کمیشن نے بتایا کہ گوگل نے معاہدے کی ان 7 میں سے 4 شرائط کی خلاف ورزی کی، جن پر اس نے خود اتفاق کیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ گوگل نے میڈیا اداروں کے کاپی رائٹ مواد کو اپنے چیٹ بوٹ کو تربیت دینے کے لیے استعمال کیا، اس طرح میڈیا اداروں کے لیے منصفانہ قیمتوں کا حصول ناممکن ہوا۔

یہ واحد مقدمہ نہیں جو ٹیکنالوجی کمپنیوں پر اے آئی چیٹ بوٹس کے استعمال پر دائر کیا گیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے 2023 میں مائیکرو سافٹ اور اوپن اے آئی (چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی) کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ کمپنیاں اپنی اے آئی سسٹم کی تربیت کے لیے اخبار کے مواد کو بلا اجازت استعمال کر رہی ہیں۔