ضمنی انتخابات؛ حماد اظہر کے قومی، صوبائی اسمبلیوں سے کاغذات نامزدگی مسترد : علی پرویز ،شہزاد فاروق سمیت 12 امیداروں کے کاغذات منظور

لاہور میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں کاغذات نامزدگی سے متعلق جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے فہرست جاری کردی۔

لاہور کے حلقے این اے 119 اور پی پی 164 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے جبکہ علی پرویز ،شہزاد فاروق سمیت 12 امیداروں کے کاغذات منظور ہوگئے۔

اسی طرح پی پی 158 سے چوہدری مونس الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے جبکہ اختر حسین، یوسف علی سمیت 27 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

پی پی 147 محمد خان مدنی، ماجد ظہور سمیت 19 امیداروں جبکہ پی پی 149 سے شعیب صدیقی، احسن اکرم سمیت 20 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے۔

دوسری جانب ایپلیٹ ٹریبیونل نے خواجہ حبیب الرحمن کے کاغذات نامزدگی مسترد کے خلاف اپیل خارج کردی جبکہ عدالت نے بھی ریٹرنگ آفیسر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ لیگی رہنما خواجہ حبیب الرحمن نے سینٹ کے کاغذات نامزدگی مسترد کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔