سینیٹر طلحہٰ محمود جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل : طلحہٰ محمود کی صلاحیتوں سے استفادہ کرینگے: نیئر بخاری :  خیبرپختونخوا میں مزید لوگ بھی رابطے میں ہیں: فیصل کریم کنڈی

سینیٹر طلحہٰ محمود جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

اس بات کا اعلان انہوں نےاسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر طلحہٰ محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ملک اس وقت بحران سے گزر رہا ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ 9 سال وزارت داخلہ کی کابینہ کمیٹی کا رکن رہا، 2021ء میں سینیٹ کی سب سے بڑی کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہوا۔

سینیٹر طلحہٰ محمود نے کہا کہ ایک ہفتے قبل آصف زرداری سے تفصیلی ملاقات کی، انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی، پاکستان کو قومی سطح پر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا صاحب سے کوئی ناراضی نہیں، قومی سطح پر عوام کے لیے نکلنا ہے، اس کے لیے ایک پلیٹ فارم چاہیے، پیپلز پارٹی سے بہتر اس وقت کوئی فلور نہیں۔

سینیٹر طلحہٰ محمود کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کو افہام و تفہیم کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی نے میرا مینڈیٹ چوری کیا۔

طلحہٰ محمود کی صلاحیتوں سے استفادہ کرینگے: نیئر بخاری

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ طلحہ ٰمحمود کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی میں طلحہٰ محمود کا کردار نمایاں ہو گا، ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں گے۔

 خیبرپختونخوا میں مزید لوگ بھی رابطے میں ہیں: فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں مزید لوگ بھی رابطے میں ہیں، جلد خیبر پختون خوا سے مزید لوگ پیپلز پارٹی جوائن کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے پی اسمبلی آئین و قانون کے خلاف ورزی کر رہے ہیں، خیبر پختون خوا میں اپوزیشن سرپرائز دے گی، پیپلز پارٹی کو کے پی میں مضبوط بنائیں گے

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی طلحہٰ محمود کی سیاسی بصیرت سے استفادہ کرے گی، خیبر پختون خوا میں مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جا رہا۔

پی پی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں آئین و قانون کی پامالی کی جا رہی ہے، سینیٹ انتخابات میں خیبر پختون خوا میں سرپرائز دیں گے۔