ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹرز کا کیمپ منگل کے روز کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگیا، کیمپ میں 20 کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔
کھلاڑی 8 اپریل تک کراچی میں کیمپ میں شرکت کے بعد عید منانے کے لیے اگلے دن واپس روانہ ہوں گی۔
13 اپریل کو اسکواڈ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 18 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کی تیاری کے لیے جمع ہوگا۔
دو طرفہ سیریز میں 3 ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ 5 ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہیں۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے عبوری ہیڈ کوچ محتشم رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہماری سیریز اچھی رہی اور اس سیریز کے بعد ہمارا ہدف کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیریز کے بعد ہمیں کھلاڑیوں پر کام کرنے کا وقت ملا۔ ہم نے سپورٹ اسٹاف میں دو نئے کوچز کو شامل کیا ہے جس سے آنے والی سیریز میں ہماری ٹیم کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔