مریم نفیس کا خلیل الرحمان کا لکھا ڈرامہ نہ کرنے کا اعلان

 لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مریم نفیس جبار نے خلیل الرحمان قمر کا لکھا ہوا ڈرامہ نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نفیس جبار نے ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان احمد علی بٹ کے سوال پر جواب دیا کہ وہ خلیل الرحمان قمر کا پلے نہیں کریں گی۔

میزبان نے اداکارہ سے وجہ دریافت کی تو مریم نفیس نے جواب دیا کہ مجھے خلیل الرحمان قمر کے ڈرامے سے نہیں بلکہ اُن کے خیالات اور کچھ بیانات سے اختلاف ہے۔

اداکارہ نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرا خلیل الرحمان قمر کی شخصیت سے کوئی اختلاف نہیں، نہ ہی میں انہیں برا آدمی سمجھتی ہوں اور میں کسی کو بھی برا نہیں سمجھتی۔

مریم نفیس جبار نے کہا کہ اُن کے کچھ خیالات میرے خیالات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ خلیل الرحمان قمر عورتوں کے حقوق میں بارے میں اچھے خیالات نہیں رکھتے۔