عید کے تیسرے روز پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور گردونواح میں بارش کا امکان

عید کے تیسرے روز پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش، آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد میں رات کے اوقات میں جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، بھکر اور ملتان میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے تیسرے روز پشاور، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، شانگلہ، بونیر اور کوہاٹ میں بھی بارش ہوگی۔

دوسری طرف طاقتور مغربی موسمی لہر بلوچستان میں بھی داخل ہوچکا ہے جس کے باعث چمن، زیارت، کوژک اور شیلا باغ میں تیز بارش کا امکان ہے۔ قلعہ عبداللہ، پشین، خانوزئی، مسلم باغ اور سنجاوی میں بھی موسلادھا بارش ہوگی۔