جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مدارس کے خاتمے کا سوچ رہی ہے جبکہ مدارس پاکستان کی حفاظت کر رہے ہیں، آئین اور جمہوریت کو بوٹوں تلے روندو گے تو ہم میدان میں کھڑے ہیں۔
پشین میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سےتحریک اُٹھی ہے اب کراچی ، خیبر اور پنجاب جائے گی، اس پرچم کے تلے ہماری تحریک آگے بڑھے گی، ہم نے نہ پہلے غلط تسلیم کیا تھا نہ اب کریں گے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ 2024 میں شرمناک دھاندلی کی گئی اور جعلی نمائندے اقتدار میں لائے گئے، جنگ چھڑ گئی تو پھر سوچو تم رہو گے یا نہیں رہو گے، سیاستدانوں کی آپس کی لڑائی سے اسٹیبلشمنٹ نے فائدہ اُٹھایا، آئین اور جمہوریت کو بوٹوں تلے روندو گے تو ہم میدان میں کھڑے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کو شکست دینے کیلئے سیاستدانوں سے پیسہ لیا گیا، بتایا جائے خیبرپختونخوا اور سندھ اسمبلی کتنے میں خریدی گئی؟ بتایا جائے یہ اسمبلی 70 ارب یا 100 ارب میں خریدی گئی ہے، جعلی حکمرانوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن میں ساتھ دینے پرعوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عوام کے اعتماد پر پورا اُتریں گے۔