وہ منفرد اے آئی کیمرا جو تصاویر کو شاعری میں تبدیل کر دیتا ہے

کیا آپ کسی ایسے کیمرے کے تصور کر سکتے ہیں جو تصویر کو شاعری میں تبدیل کر دے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی نے ایسا ممکن بنا دیا ہے۔

جی ہاں واقعی پوئٹری کیمرا نامی ڈیوائس تیار کی گئی ہے جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو تصاویر کو شاعرانہ الفاظ میں تبدیل کر دیتی ہے۔

پہلی نظر میں تو یہ کیمرا دیگر ڈیجیٹل کیمروں جیسا ہی نظر آتا ہے مگر باریک بینی سے دیکھنے پر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کوئی عام کیمرا نہیں۔

صرف تصاویر کھینچنے کی بجائے یہ کیمرا مناظر کو مدنظر رکھ کر شاعری کر تا ہے۔

Zhang اور Mather نامی افراد نے کیمرا تیار کیا ہے اور انہوں نے ٹیکنالوجی اور آرٹ میں اپنی مہارت کو باہم ملا دیا ہے۔

ابتدائی مراحل میں دونوں نے اس ڈیوائس کے لیے متعدد اے آئی ماڈلز کو استعمال کیا تھا اور اب چیٹ جی پی ٹی 4 کو شاعری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس منفرد ڈیوائس کے لیے کریڈٹ کارڈ کے حجم کے Raspberry Pi کمپیوٹر کو استعمال کیا گیا ہے جو چھوٹا ہونے کے باوجود بہت زیادہ طاقتور ہے۔

یہ کمپیوٹر تصاویر کو کھینچتا ہے اور پھر ڈیوائس میں موجود الگورتھمز مناظر کے ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہیں۔

اس کے بعد اے آئی ماڈل تصویر کا جائزہ لے کر اس کے  رنگوں اور دیگر عناصر کو شناخت کرتا ہے اور اس کے مطابق شاعری کے الفاظ تیار کرتا ہے۔

اسے تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس اوپن سورس ہے اور صارفین اپنی پسند کے مطابق شاعری کی مختلف اقسام کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

ابھی اسے عام افراد کے لیے تیار نہیں کیا جا رہا بلکہ اس کے مختلف پہلوؤں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔