عمران خان کی 6 اور بشری بی بی کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے انسداد دہشت گردی میں تبادلہ کے بعد تاحال کوئی جج تعینات نہ ہو سکا،بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست پر دوبارہ سماعت کی گئی، جس پر بشری بی بی کا اسلام آباد ڈائگناسٹک سنٹر یا ایکسل لیب سے طبی معائنہ کرانے کا حکم دے دیا گیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کا 29 اپریل تک معائنہ کروا کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد دوبارہ طلبی کے بعد بھی عدالت میں پیش نہ ہو سکے،اسٹیٹ کونسل کا کہنا تھا کہ ایڈوکیٹ جنرل آج یہاں نہیں ہیں، میں دوبارہ معذرت کرتا ہوں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنے گزشتہ حکم کی عدم تعمیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایڈوکیٹ جنرل کو کہا تھا کہ ہمارے پچھلے حکم کی تعمیل کریں،بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔