190ملین پاؤنڈ ریفرنس؛ عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر نیب پراسیکیوٹرکی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد  کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی،نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی،نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ لاہور کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے وکلاء ہڑتال پر ہیں،میں لاہور سے آیا ہوں لیکن ہائی پروفائل کیس ہے میڈیا پر چلنا ہے میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو گا۔

 چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ لاہور میں کل جو ہوا وہ بہت افسوسناک ہے،ہم بطور عدالت مظاہروں کی توثیق نہیں کر سکتے،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

امجد پرویز نے کہاکہ آپ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی مرضی کی کوئی آئندہ تاریخ رکھ لیں،آپ روزانہ کی بنیاد پر کیس سن لیں لیکن میری استدعا ہے کہ آج نہ سنیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ ہم وکلاء برادری کو own کرتے ہیں لیکن کام تو چلتے رہنا ہے،سٹرائیک کی وجہ سے کیس کی سماعت تو ملتوی نہیں کر سکتے۔