اسلام آباد: ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ناخلف بیٹے نے اپنی ماں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
آج جہاں دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن مناکر انکی عظمت کا اعتراف کیا جارہا ہے وہیں دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک بد بخت بیٹے نے اپنی ماں کو تشدد کا نشانہ بناکر انسانیت کو شرمندہ کردیا۔
تھانہ کھنہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے والدہ پر تشدد کرنے والے شیطان صفت بیٹے کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے محمد شفیع نے مجھ پر تشدد کیا اور جان سے مارنا چاہتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد ندیم بخاری کا کہنا ہے کہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، والدہ جیسی عظیم ہستی سے ناروا سلوک ناقابل تصور اور افسوس ناک ہے۔