ورلڈ بینک اور خیبرپختونخوا حکومت آمنے سامنے، ’قرض منسوخی کی دھمکی‘ : گبرال کالام اور مدین پن بجلی منصوبوں کے دوبارہ ٹینڈر کا فیصلہ، صوبائی حکومت کے لئے نئی مشکل

خیبر پختونخوا کے دو ہائیڈرو پاور منصوبوں کے ٹھیکے پر ورلڈ بینک اور صوبائی حکومت آمنے سامنے آگئی۔ صوبائی حکومت نے دوبارہ ٹینڈر دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر ورلڈ بینک نے پراجیکٹس کے لئے قرضہ منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔

گبرال کالام اور مدین پن بجلی منصوبوں کے دوبارہ ٹینڈر دینے کے فیصلے نے صوبائی حکومت کو ایک نئی مشکل سے دوچار کردیا۔

پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے ٹھیکہ دوبارہ ٹینڈر کرنے کا فیصلہ کیا، جب کہ عالمی بینک پہلے ٹینڈر میں آنے والے ٹھیکیدار کو ٹھیکہ دینے پر اسرار کر رہا ہے اور ٹھیکہ نہ دینے کی صورت میں عالمی بینک نے قرض منسوخ کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔

پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا مؤقف ہے کہ پہلے ٹینڈر میں آنے والی کمپنی نے بولی کم دی ہے لیکن وہ تیکنیکی طور پر اہل نہیں ہے، تاہم عالمی بینک نے ٹینڈر میں آنے والی کمپنی کو ہی ٹھیکہ دینے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی بینک سے دو ہائیڈرو پراجیکٹ کے لئے قرض لیا ہے، ان پراجیکٹ میں گبرال، کالام اور مدین ہائیڈرو پراجیکٹ شامل ہیں۔