چیمپئینز ٹرافی ٹی20 فارمیٹ پر کرانے پر غور

آئندہ سال 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے فارمیٹ میں تبدیلی پر غور شروع کردیا گیا۔

کرک بز کی رپورٹ کے مطابقآئی سی سی ہیڈکواٹرز میں براڈکاسٹرز سمیت اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہونے والے اجلاس میں چیمپئینز ٹرافی 2025 کے مستقبل کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی۔

اس ضمن  میں تجویز دی گئی کہ چیمپئینز ٹرافی کے ایونٹ کو 50 اوورز کے بجائے ٹی20 فارمیٹ پر کروایا جائے، اعداد و شمار پیش کیے گئے جس میں بتایا گیا کہ ورلڈکپ 2019 کے بعد سے 50 اوورز فارمیٹ میں شائقین کی 20 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔

براڈ کاسٹرز اشتہار کے باعث ون ڈے فارمیٹ کو ترجیح دیتے ہیں تاہم سلاٹس کے فروخت ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔

پاکستان میں آنے والی چیمپئنز ٹرافی اگلے برس فروری اور مارچ کے وسط میں ہونے کا امکان ہے جبکہ منتظمین کیلئے بڑا چیلنج 8 ٹیموں کی چیمپئنز ٹرافی کیلئے مختص کردہ 17-18 دن کی ونڈو تلاش کرنا ہے۔

آئی سی سی نے ون ڈے فارمٹ کے طور پر ایونٹ کے حقوق فروخت کر دیے ہیں، اس لیے فارمیٹ کو تبدیل کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرنا ہوگی۔

دوسری جانب آئی سی سی کے اعلیٰ حکام چیمپئینز ٹرافی 2025 کو ون ڈے فارمیٹ پر ہی کرنے کیلئے بضد ہیں۔