ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: سری لنکا کا جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 78 رنز کا ہدف

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ ڈی کے مقابلے میں سری لنکا نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے صرف 78 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیویارک میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے کپتان ہسارنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی ۔

جنوبی افریقی بولرز نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی سری لنکن بیٹرز کو قابو میں رکھا اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا،سری لنکا کے 8 بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے خلاف پوری سری لنکن ٹیم 20 ویں اوور میں صرف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامندو مینڈس نے 11 اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رباڈا اور کیشو مہاراج نے 2،2 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل پیر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں عمان اور نمیبیا کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

 ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سپر اوور میں نمیبیا نے عمان کو 11 رنز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔