متنازع پوسٹ کا معاملہ، عمران خان کیس میں شامل تفتیش ہوگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے متنازع پوسٹ کیس میں شامل تفتیش ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی ٹیم بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کر رہی ہے۔

 جیل ذرائع نے بتایاکہ بانی پی ٹی آئی اپنے وکلا چوہدری ظہیر عباس اور انتظارپنجوتھہ کی موجودگی میں شامل تفتیش ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کو ان کے ایکس اکاؤنٹ سے پوسٹ دکھا کر تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایازاحمد اور سب انسپکٹر منیب شامل تھے۔

خیال رہے کہ ایف آئی اے ٹیم تیسری مرتبہ اڈیالہ جیل تفتیش کے لیے آئی ہے، بانی پی ٹی آئی دومرتبہ شامل تفتیش ہونے سے انکار کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے آفیشل اکاؤنٹ سے سقوط ڈھاکا سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو کا معاملہ اٹھایا گیا تو پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے وضاحتیں بیان دیے گئے۔

پروپیگنڈا ویڈیو پر وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے سائبر ونگ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا اورگزشتہ دنوں ایف آئی اے ٹیم معاملے کی تحقیقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی تاہم عمران خان نے ایف آئی اے ٹیم کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیئر ویڈیو پر جواب دینے سے انکار کر دیا تھا۔