پی پی پی فیصلہ دے چکی ہے کہ حکومت کا ساتھ دیں گے مگر کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے: روبینہ خالد

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے متعلق بات ضرور ہوئی ہوگی۔

خٹک باغ نوشہرہ میں شہید بے نظیر بھٹو کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اکثریت یہ فیصلہ دے چکی ہے کہ ہم حکومت کا ساتھ دیں گے مگر کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کا حصہ بننے یا نہ بننے کے حوالے سے فیصلہ مرکزی مجلس منتظمہ کے اجلاس میں ہوگا۔

روبینہ خالد نے کہا کہ اگر مرکزی مجلس منتظمہ کی اکثریت نے وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا فیصلہ کرلیا تو پھر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی غور کریں گے۔

اپنی گفتگو میں روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بہت نقصان پہنچایا گیا، اب ایک نئے عزم کے ساتھ اس پروگرام کو آگے بڑھایا جائے گا۔