کراچی؛ رکشہ ڈرائیور کی 2 بیٹیاں گھر میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے رہائشی رکشہ ڈرائیورپرغم کا پہاڑٹوٹ گیا۔ 2 کمسن بیٹیاں گھرمیں پانی کی موٹرکے تارسے کرنٹ لگنےسے جاں بحق ہوگئیں۔

سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سیکٹر 7 ڈی مکان نمبراین 233 میں کرنٹ لگنے سے 2 کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئیں، جن کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں متوفی بچیوں کی شناخت 7 سالہ اقرا اور10 سالہ مناہل کے نام سے کی گئی۔ دونوں بچیاں سگی بہنیں تھیں۔

ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن اخلاق احمد نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی کمسن بہنوں کو گھرمیں کھیلتے ہوئے پانی کی موٹرکے تار سے کرنٹ لگا۔پانی کی موٹرکا تار چھلا ہوا تھا اور نادانستگی میں بچیوں نے تار پکڑلیا، جس کے باعث دونوں بچیاں کرنٹ لگنے کے باعث بے ہوش ہو ہو گئیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والی کمسن بہنوں کا والد رکشہ ڈرائیور ہے۔

دوسری جانب ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی کمسن بہنوں کے والد پرغم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ والد کویقین ہی نہیں آرہا تھا کہ اس کی بیٹیاں اب اس دنیا میں نہیں۔ کمسن بچیوں کا والد اپنی بیٹوں کو3 سے 4 اسپتال لے کر گیا۔ بچیوں کے والد کا کہنا تھا کہ اس کی بیٹیاں زندہ ہیں،والد بچیوں کی موت تسلیم نہیں کرپا رہا تھا۔ وہ بچیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہونے پر بچیوں کوعباسی شہید اسپتال لے کر آیا۔