اسلام آباد اور راولپنڈی میںاگلے چند گھنٹوں تک ژالہ باری اور تیز بارش کا امکان، الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں آئندہ 8 سے 10 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید موسمی حالات کے باعث درخت گرنے، بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور کمزور عمارتوں و فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک کی صورتحال جانچ کر ہی گھر سے نکلیں۔

مزید برآں، حدِ نگاہ میں کمی اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ سے بروقت معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔