سکھ رہنما اور تحریک خالصتان کے سرکردہ شخصیت گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ اینٹ کی طرح کھڑے ہیں، یہ 1965 یا 1971 کا دور نہیں بلکہ 2025 ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انڈین آرمی کو پنجاب سے گزر کر پاکستان پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے زور دیا کہ پاکستان کا نام ہی پاک ہے اور دو کروڑ سکھ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری روایت ہے کہ ہم نے کبھی پہل قدمی سے حملہ نہیں کیا، لیکن اگر حملہ ہوا تو پھر انجام اندرا گاندھی جیسا ہی ہوگا۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارتی حکمرانوں مودی، اجیت ڈول، امیت شاہ اور جے شنکر کو عالمی قوانین کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعلان بھی کیا۔
پہلگام واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ بھارت نے اپنے سیاسی مفادات اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے خود رچایا ہے۔