بھارت کو پہلگام ڈرامے کے بعد جس اندازمیں جواب ملے ہیں مودی حکومت قطعاً اسکی توقع نہیں رکھتی تھی‘ پاکستان کا یہ جواب یقینا زور دار طمانچہ ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر حملہ بھارتی چوائس ہوگی جبکہ باقی کا معاملہ پھر پاکستان ہی طے کرے گا‘ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی گزشتہ روز ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں درپیش صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے واضح اور شفاف موقف کے ساتھ یہ بھی واضح کیا گیا کہ دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بھارتی وطیرہ ہے‘ دریں اثناء سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر آنے والی دستاویزنے ہلچل مچا دی ہے‘ اس دستاویز میں پہلگام کے ہونے والے حملے میں خود بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ملتا ہے‘دستاویز میں پاکستان کے خلاف بیانیہ واقعہ کے36 گھنٹے کے بعد بنانے کی بات موجود ہے جبکہ ذرائع ابلاغ نے فالس فلیگ آپریشن کا فوری الزام پاکستان پر عائد کرکے منصوبہ ہی خراب کرڈالا‘بھارتی حکومت اس اہم دستاویز کے سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے متعلق تحقیقات بھی کر رہی ہے جس سے مودی سرکار کی بوکھلاہٹ اورپریشانی نظر آرہی ہے‘ اس سب کیساتھ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے منہ توڑ جواب میں بھارتی فوج کے کئی مورچے تباہ ہوگئے جبکہ بھارت کے رافیل طیارے واقعے سے قبل ہی پاکستان کے شاہینوں کے فوری ردعمل کے بعد فرار ہوگئے‘ اس وقت بھارت اندرونی طورپر خلفشار کا شکارہے‘بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیلئے بنائے گئے عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے‘ بھارت کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کو طویل عرصے سے سردخانے میں ڈالے ہوئے ہے‘بھارت دنیاکی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتا چلا آرہا ہے اپنے بے بنیاد الزامات پر خود بھارت کو ہی ہمیشہ شرمندگی اٹھانا پڑی ہے اب کی بار بھی سارے ثبوت بھارت کیخلاف ہی آئے ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں بھی بھارت کو سخت خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے وقت کا تقاضہ ہے کہ مودی سرکار خود ہوش کے ناخن لے جبکہ عالمی برادری بھی بھارتی ڈراموں کا نوٹس لے۔
