ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کے سی ای او مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ اب ہر ماہ 3 بلین سے زائد صارفین واٹس ایپ استعمال کررہے ہیں۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے 2014 میں واٹس ایپ کو 19 بلین ڈالر میں حاصل کیا تھا، 2020 تک ایپ کے ماہانہ صارفین کی تعداد 2 بلین تک پہنچ گئی تھی تاہم اب واٹس ایپ 3 بلین سے زائد ماہانہ صارفین رکھنے والی ایپس میں شامل ہوگئی ہے۔
حال ہی میں میٹا کمپنی کی جانب سے کی گئی کانفرنس کال کے دوران مارک زکر برگ نے کہاکہ صارفین کی اتنی بڑی تعداد کے ساتھ واٹس ایپ میٹا کے لیے ایک کلیدی کاروبار ہے۔
کانفرنس کال کے دوران میٹا کے سی ایف او سوسن لی نے بتایا کہ ’ ہم لوگوں کو کئی مختلف انٹری پوائنٹس کے ساتھ مصروف دیکھتے ہیں، زیادہ تر واٹس ایپ صارفین کو ون آن ون چیٹس میں میٹا اے آئی کے ساتھ مشغول ہوتے دیکھا گیا ہے‘۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ بڑھتے صارفین کی تعداد کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ بزنس میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور ایپ کمپنی کے510 ملین ڈالر منافع کا ایک بڑا حصہ حاصل کرتی ہے۔