سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبرپختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز میں مطلوب دہشت گرد سمیت 5 خارجیوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن میں 3 خارجی ہلاک ہوئے، جن میں انتہائی اہم مطلوب خارجی فرید اللہ بھی مارا گیا۔
شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 خارجی فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے خارجیوں کا خفیہ ٹھکانہ تباہ کردیا، مہمند سے خارجی لال امیر عرف ابراہیم سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔
صدر، وزیراعظم کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز پر فورسز کو خراجِ تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیوں میں 5 خارجی ہلاک اور 2 گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور فورسز کی بہادری کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی کامیابی ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے بھی سکیورٹی آپریشن میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔