بھارت نے پاکستان کی خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئیٹر) پر اکاؤنٹ بلاک کر دیا ہے، جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے اس اقدام کو "سوشل میڈیا دہشتگردی" قرار دیا اور کہا کہ بھارت اب ریاستی دہشتگردی کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل محاذ پر بھی مظلوموں کی آواز دبانے میں مصروف ہے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ آصفہ بھٹو کا اکاؤنٹ بند کر کے بھارت نے اپنی جھنجھلاہٹ ظاہر کی ہے، اور یہ عمل "کھسیانی بلی کھمبا نوچے" کی مثال بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتی رہے گی اور سچ کی آواز بلند کرتی رہے گی۔
شازیہ مری نے بھارتی وزیراعظم مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے سوشل میڈیا کو بھی اپنی نفرت انگیز سیاست کا ہتھیار بنا دیا ہے، تاکہ سچ کو دبایا جا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے عوام پہلگام واقعے کی حقیقت جاننا چاہتے ہیں اور مودی کو جلد یا بدیر اس ظلم کا حساب دینا ہوگا۔
