اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) — عالمی سطح پر مسلسل ناکامیوں اور شرمندگی کے بعد بھارت نے ایک بار پھر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف شرمناک اور بزدلانہ کارروائی کی ہے۔
بھارت نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر میزائل داغے جن میں مظفرآباد، کوٹلی، باغ، احمد پور شرقیہ، بہاولپور اور مریدکے شامل ہیں۔ حملے میں مسجد سبحان اللہ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں دو شہری شہید اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق پاک فوج نے فوری اور شدید جوابی کارروائی کرتے ہوئے سری نگر ایئربیس پر حملہ کیا جہاں دشمن کے تین رافیل طیارے تباہ کر دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ کارروائی کا جواب اب دشمن کو ہر محاذ پر دیا جائے گا، اور ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ، تمام ہوائی اڈوں پر ملکی و غیر ملکی پروازیں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج مکمل تیار اور چوکس ہیں، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔