پاک بھارت جنگ، آئی پی ایل کے ملتوی ہونے کا امکان

پاکستان سے کشیدگی کے باعث بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کر دیا۔

بھارت کی پاکستان کے خلاف جارحیت آئی پی ایل کو بھی ڈبونے لگی، ایونٹ کے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کر دیا۔

 آسٹریلیا کے 15 کھلاڑی اور 2 کوچز بھارت میں موجود ہیں، جس میں پیٹ کمنز،جسٹن لینگر، رکی پونٹنگ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی آسٹریلیا یا دبئی جانے کے خواہشمند ہیں جبکہ کھلاڑی واپسی کے مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز پاکستانی حملوں کے خوف کے باعث دھرمشالہ میں جاری آئی پی ایل میچ منسوخ کردیا گیا  تھا۔

دھرمشالہ میں پنجاب کنگز اور دلی کیپٹل کا میچ کھیلا جا رہا تھا اور پنجاب کنگز کی بیٹنگ جاری تھی کہ اچانک 11 ویں اوورز میں میچ روک دیا گیا۔

پہلے فلڈ لائٹس کی خرابی کا بہانہ بنایا گیا پھر میچ ختم کردیا گیا اور اس دوران تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی گراؤنڈ میں موجود تھی جسے فوری خالی کروایا گیا۔