بھارت کے پاکستان کی 3 ایئر بیسز پر حملے ناکام، تمام اثاثے محفوظ ہیں:ترجمان پاک فوج

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی تین ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے، اب ہمارے ردعمل کا انتظار کرے۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ہنگامی میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت نےطیاروں سے پاکستان میں3 ایئر بیسز پر میزائل داغے ہیں، نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے نورخان ائیربیس چکلالہ کے قریب حملے کی کوشش ناکام بنادی، پاک فضائیہ کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارت کی جارحیت اور طاقت سے مرعوب ہونیوالے نہیں ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ افغانستان پر بھی بھارت نے میزائل داغے ہیں، بھارت پورے خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، کچھ میزائل ایئر بیسز پر گرے لیکن نقصان نہیں ہوا، بھارتی کارروائی بھارت کی بزدلانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے، میزائلوں کو ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنایا، بھارت کے میزائل حملوں کے الیکٹرانک شواہد موجود ہیں، بھارت خطے کو عدم توازن کی جانب دھکیلنا چاہتا ہے۔

قبل ازیں ترجمان پاک فوج نے ایک اور ہنگامی پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ بھارت نے آدم پور سے 6 بلیسٹک میزائل فائر کئے جن میں سے 5 بھارتی شہر امرتسر جبکہ ایک آدم پور میں گرا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت سکھوں کو ٹارگٹ کررہا ہے، ہماری ہمدردیاں سکھوں کے ساتھ ہیں اور ہر قسم کی بھارتی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔