پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی شروع کردی اور دشمن کے خلاف آپریشن 'بنیان المرصوص' کا آغاز کر تے ہوئے بھارت کی متعدد ائیربیسز کو تباہ کر دیا ، ساتھ ہی عسکری قیادت میں فیصلہ ہوا ہے کہ بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی بھارت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے اور بھارت میں10 اہداف کو نشانہ بنایا بنایا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن 'بنیان مرصوص' کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کی ادھم پور، پٹھان کوٹ ائیربیس اور براہموس اسٹوریج تباہ اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ کو تباہ کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے ادھم پور ائیربیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ کو ناکارہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ تمام بیسز جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کیے گئے، کو ٹارگٹ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے، میزائل میں جدید نیوی گیشن سسٹم اور اعلیٰ درستگی شامل ہے۔
دوسری جانب سیاسی و عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت نے مزید جارحیت دکھائی تو ٹارگٹ ہائی ویلیو ہوگا۔۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کی حرکت بہت حیران کن ہے،بھارت کی اندرونی سازشوں کا شکار اقلیتی ہورہے ہیں، ہماری ساری ہمدردی سکھوں کے ساتھ ہے۔
پاک بھارت کشیدگی
خیال رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔