بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کی لیپہ ویلی میں شدید گولہ باری، پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی

بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی لیپہ ویلی میں شدید گولہ باری شروع کردی جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کی لیپہ ویلی میں شدید گولہ باری شروع کردی ہے، بھارتی فوج لیپہ ویلی کی سویلین آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے اور دونوں جانب سے گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی گولہ باری سے سویلین آبادی کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے پانڈو سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی پر مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے بٹالین ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا جب کہ ایک اور جوابی کارروائی میں حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جھنڈا ریاست پوسٹ تباہ کردی تھی۔

علاوہ ازیں، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی، آزاد کشمیر میں کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے آبادی پر گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں نومولود بچی سمیت 4 افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے۔

باغ میں مکان پر بھارتی گولا گرنے سے نوجوان شہید اور 2 بہنیں زخمی ہوگئیں، زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی 8 چوکیاں اڑا دیں، اور فوج بٹالین ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا۔