جاپانی کمپنی اولمپس نے 84 سال بعد کیمرے کے بزنس کو خیرباد کہہ دیا

دنیا میں اپنے کیمرا برانڈز کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور جاپانی کمپنی اولمپس نے اب اپنے کاروبار کے اس حصے کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سمارٹ فونز کی آمد کے بعد کیمروں کی مارکیٹ کو زوال کا سامنا ہے۔ بہت کوششوں کے باوجود اب یہ کاروبار اب منافع بخش نہیں رہا۔ اولمپس کو گزشتہ تین سال سے شدید مندی کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ جاپانی کمپنی اولمپس سب سے پہلے 1936ءمیں اپنا کیمرا سامنے لائی تھی اور دہائیوں تک اس کاروبار پر چھائی رہی۔ 1970ءکمپنی کیلئے سب سے اہم سال تھا جب ٹیلی وژن کے ذریعے بڑے پیمانے پر دنیا بھر میں اس کی تشہیر کی گئی۔ اس اقدام نے کمپنی کو نئی مقبولیت بخشی۔

اولمپس کی جانب سے کاروبار بند کرنے کے فیصلے کی وجہ پر بات کی جائے تو یہ درست نظر آتی ہے کیونکہ عوام اب کیمرے کی بجائے تصویر کھینچنے کیلئے سمارٹ فونز کا ہی استعمال کرنے لگے ہیں۔

اولمپس کے علاوہ دیگر جاپانی کمپنیاں بھی روبہ زوال ہیں کیونکہ سمارٹ فونز کی وجہ سے ڈیجیٹل کیمروں کی مانگ کم ہو چکی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ کسی زمانے میں ڈیجیٹل کیمروں نے حقیقت میں فوٹوگرافی کی دنیا میں انقلاب برپا کر دیا تھا۔