اسلام آباد: وزیراعظم کے ویژن2050 پلان پر عمل درآمد جاری ہے، عمران خان نے ملک کے بڑے صنعتی شہروں کو بڑی مراعات دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے بعد سیالکوٹ کے لیے بھی تاریخی پیکج دینے کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعظم سیالکوٹ کے لیے اربوں روپے کے 5میگا پراجیکٹس کا اعلان کریں گے۔
عمران خان کل بروز بدھ عثمان ڈار کی دعوت پر سیالکوٹ کا اہم ترین دورہ بھی کریں گے، اس موقع پر افتتاحی تقریب ہوگی۔
وزیراعظم کل سیالکوٹ کی نجی ائرلائن ایئرسیال کا افتتاح بھی کریں گے۔ سیالکوٹ کے لاکھوں شہریوں کے لیے واٹر فلٹریشن منصوبے کا افتتاح ہوگا۔ وزیراعظم روڈز اینڈسگنل ری انجینئرنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
سیالکوٹ میں 5بڑے گرین پارکس بھی وزیراعظم ترقیاتی پیکج میں شامل ہیں۔ جبکہ سیالکوٹ میں اسٹوریج سسٹم کی ری انجینئرنگ کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔
عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے منصوبے سیالکوٹ کی تقدیر بدل دیں گے، ترقیاتی پیکج کی منصوبہ بندی ویژن 2050 پلان کے پیش نظر کی گئی۔
، سیالکوٹ سے ڈھائی ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کی جاتی ہے، سیالکوٹ10 ارب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے۔