کترینہ اور وکی کو قتل کی دھمکیاں، مقدمہ درج

بالی وڈ کی معروف اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کو سوشل میڈیا پر نامعلوم شخص کی جانب سے قتل کیے جانے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کترینہ اور وکی کی جان کو خطرہ ہے جس کے باعث ممبئی پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے یہ واضح نہیں کہ دھمکیوں میں کیا کہا گیا ہے لیکن پولیس کے مطابق مقدمہ وکی کوشل کے کہنے پر درج کیا گیا ہے۔

 وکی کوشل نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اور اہلیہ کترینہ کو   ایک شخص دھمکی دے رہا ہے اور وہ  انسٹاگرام پر دھمکی آمیز پیغامات پوسٹ کر رہا ہے۔

وکی کوشل نے انکشاف کیا کہ ملزم میرا اور کترینہ کا پیچھا بھی کرتا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کترینہ اور وکی کچھ روز قبل اداکارہ کی سالگرہ منانے مالدیپ گئے ہوئے تھے جہاں سے انہوں نے اپنی کئی تصاویر پوسٹ کیں۔

اس سے قبل اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان سمیت اداکارہ سوارا بھاسکر کو بھی قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔