گوگل سرچ کی نئی اپ ڈیٹ

گوگل سرچ میں ایک نئی اپ ڈیٹ کی جارہی ہے جو اوریجنل مواد کو زیادہ نمایاں کرے گی جبکہ کلک بیٹس لنکس کو نیچے دھکیل دے گی۔

گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ آئندہ چند ہفتوں میں سرچ انجن میں اسپام ویب سائٹس یا بوٹس کے تیار کردہ مواد کو ہدف بنایا جائے گا۔

اس طرح کے مواد کا مقصد سرچ انجن آپٹیمائزیشن یا ایس ای او پر اثرانداز ہونا ہوتا ہے۔

اب گوگل کی جانب سے اوریجنل مواد کو آگے لانے کی کوشش کی جائے گی۔

گوگل نے بتایا کہ یہ نئی اپ ڈیٹ ریویو اپ ڈیٹ سے ملتی جلتی ہے جو 2022 کے شروع میں متعارف کرائی گئی تھی تاکہ ماہرین کے پراڈکٹ ریویوز کو ترجیح دی جائے۔

گوگل کا مقصد تعلیمی، تفریحی، شاپنگ اور ٹیکنالوجی سے متعلق مواد کے بہتر نتائج صارفین کو فراہم کرنا ہے۔

یہ اپ ڈیٹ اس وقت کی جارہی ہے جب مختلف انٹرنیٹ فورمز پر لوگوں کی جانب سے گوگل سرچ رزلٹس میں غیرمعیاری مواد کو زیادہ پیش کرنے کی شکایت کی گئی تھی۔

اس وقت انٹرنیٹ سرچ کے شعبے میں گوگل کو بالادستی حاصل ہے اور اس کا مارکیٹ شیئر 91 فیصد ہے۔