تنزانیہ، طیارہ جھیل میں گرنے سے 19مسافر جاں بحق

تنزانیہ میں مسافر بردار طیارہ لینڈنگ کے دوران جھیل میں گرنے سے کم از کم 19 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 26 مسافروں کو بچا لیا گیا۔ 

حکام کے مطابق تنزانیہ کی نجی ہوائی کمپنی پریسجن ائیر کی ڈومیسٹک پرواز کیلئے رجسٹریشن 5H-PWF کا حامل ATR-42-500 طیارہ تنزانیہ کے بوکوبا ہوائی اڈے پر لینڈنگ کیلئے اپروچ پر تھا جو تیز بارش اور شدید موسم کی خرابی کے باعث مشہور وکٹوریہ جھیل میں گرگیا۔حادثے کے بعد طیارے کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔

حکام کے مطابق جھیل میں ماہی گیری کرنے والی بورڈ پر سوار مچھیروں اور دیگر ریسکیو ورکرز نے فوری امدادی کام شروع کردیا جس کے نتیجے میں 26 مسافروں کو پانی میں ڈوبے جہاز سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا اور اس دوران تین افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔ 

حکام نے بتایا ہے کہ پرواز PW-494 دارالسلام سے بوکوبا پہنچی تھی، جہاز کے پائلٹس جہاز میں موجود مقامی حکام سے رابطے میں تھے۔ 

حادثے کا شکار طیارہ 12 سال پرانا تھا جس نے اگست 2010 میں پہلی اڑان بھری تھی۔ حادثے کے لگ بھگ 8 گھنٹے کے جاری آپریشن کے بعد حکام نے 19 مسافروں اور عملے کے ارکان کی موت کی تصدیق کی ہے۔