ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کے حوالےکردی گئی

کینیا میں قتل ہونے والے سینیئر  پاکستانی صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد میں ان کی والدہ کے حوالےکردی گئی۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کی والدہ کے حوالےکی ہے۔

ایف آئی اے کے سینیئر ڈائریکٹر اطہر وحید نے ارشد شریف کی والدہ سے ملاقات کی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ان کے حوالےکی، ساتھ ہی کیس میں اب تک کی پیش رفت سے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ حقیقت جاننا ارشد شریف کی والدہ کا حق تھا، اہل خانہ کوپوسٹ مارٹم تک رسائی کا ہرقانونی حق حاصل ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پوسٹ مارٹم کے وقت صحافی ارشد شریف کے جسم پر تشددکے نشانات تھے۔

دوسری جانب ارشدشریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کینیا کے حکام سے بھی شیئرکی گئی ہے، ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم  رپورٹ کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیس اوور سائیٹ اتھارٹی،  آئی جی پولیس کینیا اور ڈائریکٹرپبلک پراسیکیوشن کے ساتھ شیئرکی گئی ہے۔