ترکی میں ٹی وی مبلغ کو 8ہزار 658برس قید کی سزا سنا دی گئی

ترکی:اعلیٰ عدالت نے ٹی وی مبلغ کو 8 ہزار 658 برس کی سزا سنا دی ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کی اعلیٰ عدالت نے متنازع ٹی وی مبلغ و میزبان کو دوبارہ ٹرائل میں 8 ہزار 658 برس کی سزا سنا دی۔

 غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کے 66 سالہ ٹیلی ویژن مبلغ عدنان اوکتر ایک پروگرام کے دوران نازیبا لباس پہنی ہوئی خواتین کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے جس میں وہ تخلیقیت اور قدامت پسند اقدار کی تبلیغ کر رہے تھے۔

 رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال عدنان اوکتر کو جنسی زیادتی، نوعمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی، دھوکا دہی اور سیاسی اور فوجی جاسوسی کی کوشش سمیت مختلف جرائم میں ایک ہزار 75 برس کی سزا سنائی گئی تھی مگر اس فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ نے مسترد کردیا تھا۔

 ترکیہ کی انادولو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دوبارہ مقدمے کی سماعت کے دوران استنبول کی اعلی فوجداری عدالت نے جنسی زیادتی اور کسی کو ان کی آزادی سے محروم کرنے سمیت متعدد الزامات پر ملزم کو 8 ہزار 658 سال قید کی سزا سنائی جبکہ عدالت نے 10 دیگر ملزمان کو اتنے ہی عرصے قید کی سزا سنائی ہے۔