خلا میں ٹماٹر اگانے کے لیے سائنس دانوں کا بڑا قدم

فلوریڈا: خلا میں ٹماٹر اگانے کے لیے سائنس دانوں نے بڑا قدم اٹھا لیا، ٹماٹر کے بیج لے کر خلائی جہاز خلائی اسٹیشن پہنچ گیا۔

ناسا کے مطابق خلا میں تجرباتی طور پر ٹماٹر کی فصل لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے اسپیس ایکس کے ایک کارگو خلائی جہاز کے ذریعے دیگر سامان کے علاوہ ٹماٹر کا بیج بھی روانہ کیا گیا۔

اس سلسلے میں ڈریگن کارگو خلائی جہاز 7,700 پاؤنڈ سے زیادہ ریسرچ، ہارڈ ویئر اور دیگر سامان کے علاوہ ٹماٹر کے بیج بھی لے کر گیا۔

منگل کو اسپیس ایکس کے کارگو خلائی جہاز کی روانگی کو خراب موسم کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا، ناسا کے فلوریڈا میں قائم کینیڈی اسپیس سینٹر سے گزشتہ روانہ ہونے والا کارگو خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے خلابازوں کے لیے غذائی سامان بھی لے کر گیا ہے، جس میں آئس کریم بھی شامل ہے۔

امریکی خلائی ایجنسی کے مطابق محققین خلائی اسٹیشن پر ’ویجی‘ کے نام سے مشہور، پودوں کی نشوونما کے یونٹ کی جانچ کر رہے ہیں، جہاں مختلف اقسام کی سبزیاں اُگائی گئی ہیں، اس بار ٹماٹر بھی اُگائے جائیں گے۔

ناسا کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ وہ ٹماٹروں کی جانچ کر رہے ہیں، اور یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ اس فصل پر خلا کی روشنی کے اسپیکٹرم کے کیا اثرات مرتب ہوں گے، اور یہ کہ ٹماٹر کتنے لذیذ اور غذائیت بخش ہوں گے۔