کاجول نے شاہ رخ خان اور اجے دیوگن کے درمیان فرق بتادیا

بالی ووڈ اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنے کیرئیر کے دوران جو محنت کی ہے وہ نظر نہیں آتی لیکن اجے دیوگن کی محنت نظر آتی ہے۔

شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس کے علاوہ کاجول نے اداکار اجے دیوگن سے شادی کی ہے، جن کے ساتھ بھی وہ کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

اپنے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں کاجول نے اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کے درمیان فرق کے بارے میں بات کی۔

شاہ رخ خان اور اجے دیو گن کے درمیان فرق سے متعلق کاجول نے کہا کہ شاہ رخ آج جس مقام پر پیں اس کے لئے انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ ہو سکتا ہے اجے دیوگن کی محنت نظر آئے اور ان کی محنت نظر نہ آئے۔

کاجول نے کہا کہ شاہ رخ ان لوگوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بہت جلد اسکرین پر اپنی شناخت بنائی تھی۔ مجھے یاد ہے ایک بار ان کی سالگرہ پر میں نے ان سے کہا تھا کہ آج تمہاری سالگرہ ہے، میں تم سے ملنے آرہی ہوں۔ اس نے مجھے کہا آجاؤ لیکن آج کا دن اس ملاقات کے لیے اچھا نہیں ہے۔اب میری سالگرہ صرف میری نہیں ہے، کیونکہ مجھے باہر جانا ہے اور سب سے ملنا ہے۔

کاجول اور شاہ رخ آخری بار ’دل والے‘ (2015) میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ دونوں جلد ایک ساتھ کام کرنے والے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو 7 سال بعد فلم میں دونوں کا دوبارہ ملاپ ہو گا۔