بھارتی اداکار رنبیر کپور پاکستانی اداکاروں کے مداح نکلے

جدہ: معروف بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نے پاکستانی فلم انڈسٹری کو ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کی شاندار کامیابی کے لیے مبارکباد پیش کی ہے۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں موجود رنبیر کا میڈیا اور مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا ایک سیشن ہوا جس میں ایک مداح نے اداکار سے سوال کیا کہ کیا وہ مستقبل میں پاکستانی اداکاروں اور فلمسازوں کے ساتھ کام کریں گے؟

رنبیر کپور نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ فن کسی بارڈر کا محتاج نہیں، میں ضرور پاکستانی فلمساز اور اداکاروں کے ساتھ کام کروں گا، بلکہ میں پاکستانی فلم انڈسٹری کو مولا جٹ کی بڑی کامیابی کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ اداکار نے پاکستانی شہرہ آفاق گلوکار عاطف اسلم کی بھی خوب تعریف کی اور بتایا کہ میں عاطف کی آواز کا مداح ہوں، جب وہ گاتا ہے تو لگتا ہے حقیقتاً ایک ہیرو گا رہا ہے۔

واضح رہے کہ رنبیر کپور سمیت شاہ رخ خان، کاجول، سونم کپور  و دیگر نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹول میں شرکت کی ہے، یکم دسمبر سے شروع ہونے والا  فیسٹول 10 دسمبر کو اختتام پذیر ہوا۔