ٹوئٹر میں ایک اور بڑی تبدیلی جو اسے تبدیل کردے گی

ٹوئٹر میں حالیہ مہینوں میں کئی نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جیسے ماہانہ فیس ادا کرکے بلیو ٹک کا حصول، 60 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا اور ویو کاؤنٹ وغیرہ۔

اب اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ایک اور بڑی تبدیلی جارہی ہے جو ٹوئٹر کے استعمال کا تجربہ بدل دے گی۔

ٹوئٹر کی جانب سے بہت جلد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں نیوی گیشن یا مواد کی تلاش کے طریقہ کار کو تبدیل کیا جارہا ہے۔

ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر کا نیا نیوی گیشن فیچر جنوری میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس فیچر کا عندیہ ایلون مسک نے دسمبر کے شروع میں بھی دیا تھا۔

اس فیچر کی بدولت ٹوئٹر کی نیوزفیڈ کئی حصوں میں تقسیم ہوجائے گی یعنی صارف سائیڈ swipe کرکے ٹاپ، لیٹسٹ، ٹرینڈنگ اور دیگر تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

اس وقت ٹوئٹر میں chronological ٹائم لائن (جس میں نئے ٹوئٹس سب سے اوپر ہوتے ہیں) اور ہوم ٹائم لائن (جس میں مواد الگورتھم طے کرتا ہے) کو استعمال کیا جاتا ہے۔

مگر اس نئے فیچر سے دائیں بائیں swipe کرکے اپنی پسند کے مواد تک رسائی آسان ہوجائے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ جنوری میں کب تک یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔