مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی پہلی بھارتی اینکر ’ثنا‘ متعارف

بھارت کے ایک بڑے میڈیا گروپ نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی (مصنوعی ذہانت) سے مزین روبوٹک اینکر ’’ثنا‘‘ کو متعارف کرا دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے بڑے میڈیا گروپ انڈیا ٹوڈے نے آرٹیفیشل انٹیلجنس ٹیکنالوجی (مصنوعی ذہانت) سے مزین پہلی خاتون اینکر ’’ثنا‘‘ کو میڈیا انڈسٹری میں متعارف کرا دیا ہے۔

ثنا کی خاصیت یہ ہے کہ یہ اسکرین پرروزانہ کئی بار مختلف زبانوں میں خبروں کی اپ ڈیٹس دے گی جب ک ایک خصوصی شو کی میزبان بھی ہوگی جو انسانوں کے روزمرہ کی زندگی کے اہم موضوعات پر گفتگو کرے گی۔ پروگرام میں ناظرین کے سوالات کا فوری اور براہ راست جواب بھی دے گی۔

میڈیا گروپ کے وائس چیئر پرسن کالی پوری نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کی اینکر خوبصورت ہونے کے ساتھ بلا تکان کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے آنے سے کام میں کوئی خلل نہیں پڑے گا بلکہ مزید سہل ہوگا۔ ثنا حقیقی زندگی کے اینکرز کے ٹیلنٹ سے بھی سیکھے گی۔