بٹ کوائن کی قیمت 30ہلزار ڈالر سے متجاوز

بٹ کوائن کی قدر 10 ماہ بعد پہلی بار 30 ہزار ڈالرز سے زائد ہوگئی ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی کی قیمت ابھی 30 ہزار ڈالرز سے کچھ زیادہ ہے اور یہ جون 2022 کے بعد پہلی بار ہے جب اس نے 30 ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا ہے۔

2023 کے آغاز سے اب تک بٹ کوائن کی قیمت میں 80 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

کرپٹو کرنسی کی قدر میں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا ہے جب امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسیوں میں نرمی لائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکا میں سیلیکون ویلی بینک کے دیوالیہ ہونے کے بعد خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق اس وقت کرپٹو کرنسیوں کی قدر کا انحصار امریکی پالیسیوں پر ہے، ایسا خیال کیا جارہا ہے کہ بٹ کوائن کی قدر میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب بٹ کوائن کے بعد دوسری بڑی کرپٹو کرنسی Ether کی قدر بھی 8 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جس کا ایک ٹوکن 1942 ڈالرز کا ہوگیا ہے۔