وزیراعظم کی چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی۔

لاہور میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور اسمگلنگ کے تدارک کے لیے شہباز شریف نے اسلام آباد میں اعلی سطح اجلاس طلب کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے اسمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے، سخت سزا دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اسمگلروں ، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔

شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔