کرکٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین اوور کرا دیا گیا

کرکٹ کی تاریخ منفی اور مثبت ریکارڈز سے بھری پڑی ہے اور جیسے جیسے کھیل میں نت نئے طریقے اور جدت آ رہی ہے ریکارڈز بھی بہت جلدی بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ 36 رنز دو مرتبہ بنائے گئے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ 35 رنز کا ریکارڈ ہے اور اسی طرح ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی 2 مرتبہ ہی ایک اوور میں 36 رنز بنائے جا چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اب ان سب سے زیادہ یعنی ایک اوور میں 46 رنز بھی بنا دیے گئے ہیں۔

کویت میں فرنچائز لیگ کا ٹی ٹوئنٹی میچ ایک بولر کے لیے بہت ہی ڈراؤنا خواب اس وقت ثابت ہوا جب اس نے اوور کی پہلی ہی گیند ’نو بال‘ کرائی جس پر بیٹر نے چھکا مار دیا، جس کے بعد کی گیند پر 4 بائز کے رنز بھی ملے اور پھر اوور کی دیگر 5 گیندوں پر بیٹر نے 5 چھکے مارے جن میں سے ایک چھکا دوبارہ ’نوبال‘ پر مارا گیا۔

اسپن بولر نے اوور کی آخری گیند پر باؤنڈری دے کر مکمل اوور میں 46 رنز دیے۔

سوشل میڈیا پر اس میچ سے متعلق صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔