15کروڑ سال قدیم ڈائنا سار کا محفوظ شدہ ڈھانچا فروخت کیلئے پیش

پیرس: 15 کروڑ سال قدیم ڈائناسار کا ایک اچھی طرح سے محفوظ شدہ ڈھانچا فروخت کیلئے پیش کر دیا گیا۔

روئٹرز کے مطابق ’بیری‘ کے نام سے مشہور ایک ڈائناسار کا ڈھانچا پیرس میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا ہے، یہ ڈھانچا غیر معمولی طور پر اچھی طرح سے محفوظ شدہ ہے۔

یہ ایک کیمپٹوسارس کا ڈھانچا ہے جسے بیری کے نام سے جانا جاتا ہے، اور جو تقریباً 150 ملین سال پہلے جراسک دور کے آخری زمانے کا ہے، اس کی نیلامی اگلے ماہ پیرس میں ہوگی۔

اس ڈائناسار کو 1990 کی دہائی میں امریکی ریاست وائیومنگ میں دریافت کیا گیا تھا، اور ابتدائی طور پر دس سال بعد 2000 میں ماہر حیاتیات بیری جیمز نے اسے بحال کیا تھا، جس کی وجہ سے اسے یہ نام ملا۔

پچھلے برس ایک اطالوی لیبارٹری نے بیری کو حاصل کیا اور اس ڈھانچے پر مزید بحالی کا کام کیا، یہ 2.10 میٹر (6.9 فٹ) اونچا اور 5 میٹر (16.4 فٹ) طویل ہے۔ اس کی کھوپڑی 90 فی صد مکمل ہے اور باقی ڈائناسار (ڈھانچا) 80 فی صد مکمل ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ڈائناسار کے ڈھانچے فروخت کیے گئے ہیں، نیلام گھر کا کہنا ہے کہ آرٹ مارکیٹ میں ڈائناسار کے نمونے نایاب ہیں، اور دنیا بھر میں سال میں بس دو سے زیادہ فروخت نہیں ہوتے۔ توقع ہے کہ بیری کی فروخت سے 1.2 ملین یورو (1.28 ملین ڈالر) تک حاصل ہوں گے۔